جاپان کو پہلی خاتون وزیر اعظم ملنے کی توقع، حکمران جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) نے سانائےتاکائیچی کو اپنا نیا لیڈر منتخب کر لیا ہے، جس کے بعد وہ جاپان کی پہلی خاتون وزیر اعظم بننے کی راہ پر ہیں۔
EPAPER
Updated: October 04, 2025, 10:04 PM IST | Tokyo
جاپان کو پہلی خاتون وزیر اعظم ملنے کی توقع، حکمران جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) نے سانائےتاکائیچی کو اپنا نیا لیڈر منتخب کر لیا ہے، جس کے بعد وہ جاپان کی پہلی خاتون وزیر اعظم بننے کی راہ پر ہیں۔
جاپان کی حکمران جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) نے سانائے تاکائیچی کو اپنا نیا لیڈر منتخب کر لیا ہے، جس کے بعد وہ جاپان کی پہلی خاتون وزیر اعظم بننے کے راستے پر ہیں۔ان کا سیاسی نظریہ سخت گیر قدامت پسند کے طور پر جانا جاتا ہے، وہ شینزو آبے کی شاگرد، اور مارگریٹ تھیچر کی مداح ہیں۔ ان کے سامنے معاشی پالیسی ابی نومکس کو دوبارہ زندہ کرنے، یعنی مالیاتی محرک اور زرعی آسانیاں فراہم کرنے جیسے مسائل درپیش ہیں۔ سانائے تاکائیچی خارجہ پالیسی کے محاذ پر چین کے خلاف سخت موقف رکھتی ہیں،وہ متنازعہ یاسوکونی مندر کی باقاعدہ زائر ہیں۔ شادی شدہ جوڑوں کے لیے الگ الگ خاندانی نام رکھنے اور ہم جنس شادیوں کی سخت مخالف رہی ہیں۔ وہ ۲۰۱۴ء سے ۲۰۱۷ء اور ۲۰۱۹ء سے ۲۰۲۰ءمیں وزیر برائے اندرونی امور و مواصلات کے عہدے پر فائز تھیں۔ اس کے علاوہ ۲۰۲۲ء تا۲۰۲۴ء میں وزیر برائے معاشی تحفظ رہیں۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ : سڑک حادثےکا ملزم ہندوستانی شخص ۲۰؍سال بعد جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچا
۶۴؍ سالہ تاکائیچی کا تعلق نارا پریفیکچر سے ہے۔سیاست داں بننے سے پہلے وہ ایک ٹی وی پیشکار، مصنفہ اور کالج کے زمانے میں ہیوی میٹل ڈرمر بھی رہ چکی ہیں۔ اُنہوں نے۱۹۹۳ء میں سیاست میں قدم رکھا اور۲۰۲۱ء اور ۲۰۲۴ءمیں ایل ڈی پی کی قیادت کی انتخابی مہم میں حصہ لیا تھا، بالآخر ۲۰۲۵ء میں تیسری کوشش میں کامیاب ہوئیں۔ذرائع ابلاغ کے مطابق تاکائیچی کو درپیش اہم چیلنجز میں پارٹی میں اتحاد پیدا کرنا، بدعنوانی کے اسکینڈل کے بعد عوام کا اعتماد بحال کرنا، سست روی کا شکار معیشت کو بہتر بنانا اور آبادیاتی بحران جیسے مسائل شامل ہیں۔